منگل، 22 دسمبر، 2020

سورة الفجر :12، عم پارہ

 سورة الفجر

تیس آیات پر مشتمل یہ سورة بالاتفاق  مکی ہے۔ سورة کا نام “الفجر”  ہے کیونکہ اس سورة کی ابتداء الفجر سے ہو رہی ہے۔

شانِ نزول:

اس سورة میں کفار کے مختلف شبھات کو دور کیا گیا ہے۔ کافروں کا خیال تھا کہ بندوں  کی نیکیوں یا  گناہوں سے الله تعالی کو نہ تو کوئی فائدہ ہے نہ کوئی نقصان ۔ اس لیے قیامت، روز جزا اور حساب کتاب کی کیا ضرورت ہے۔ الله تعالی نے واضح طور پر بتا دیا کہ یہ دنیا دارالعمل ہے۔عمل ختم ہونے کے بعد  اس کا بدلہ ضرور دیا جائے گا۔اس کے لیے قیامت ضرور قائم ہوگی۔ 

ربط : 

سورة الفجر کا ماقبل سورة سے لفظی ربط بھی ہے اور معنوی بھی۔

لفظی ربط: 

پچھلی سورة یعنی الغاشیہ میں تھا۔

لِسعیھا راضیة 

اب سورة الفجر میں ہے۔ 

راضیةً مرضیةً 

سورة الغاشیہ میں تھا۔


فَيُعَذِّبُهُ اللَّهُ الْعَذَابَ الْأَكْبَرَ

الفجر میں ہے۔

لَّا یُعَذِّبُ عَذَابَہٗۤ اَحَدٌ

ربط معنوی 

سورة الغاشیہ کی طرح اس سورت میں بھی قیامت اور جزا و سزا  کا بیان ہے۔ کفار کی عبرت کے لیے بعض سرکش قوموں کے عذاب و سزا کا ذکر ہے اور ایمان والوں کے لیے تسلی اور جنت کا وعدہ ہے۔    

۔۔۔۔۔۔۔۔

سورت کی ابتدا ء پانچ قسموں سے ہو رہی ہے۔ یہ قسمیں جواب قسم کے مضمون کو پختہ کرنے کے لیے ہیں جو محذوف ہے یعنی تم ضرور دوبارہ زندہ کرکے اٹھائے جاؤ گے۔ ہر قسم جوابِ قسم سے مناسبت رکھتی ہے۔

وَ الۡفَجۡرِ ۙ﴿۱﴾

قسم ہے فجر کے وقت کی۔

۔۔۔۔

سب سے پہلی قسم فجر کی ہے۔ اس میں مفسرین کے مختلف اقوال ہیں ۔

۱- روزانہ کی صبح مراد ہے۔

۲- یوم النحر یعنی قربانی کا دن مراد ہے کیونکہ یہ بڑا متبرک دن ہے اور لوگوں کے اکٹھا ہونے کی وجہ سے میدانِ حشر کا نمونہ ہے۔

۳- ماہ ذوالحج کی پہلی صبح مراد ہے۔

۴۔ ماہ محرم کی پہلی صبح مراد ہے کہ اس سے سال کا آغاز ہوتا ہے۔

جمہور مفسرین کے نزدیک والفجر سے روزانہ کی صبح مراد ہے اور جواب قسم کے ساتھ بھی اس کی مکمل مناسبت ہے۔ رات کے وقت ہر طرف سناٹا ہوتا ہے، مخلوق پر نیند اور آرام طاری ہوتا ہے جو بالکل موت کے مشابہ ہے، لیکن جونہی صبح کی ابتداء ہوتی ہے ہر طرف شور برپا ہو جاتا ہے۔

پہلا صور پھونکنے سے دنیا کی ہر چیز فنا ہو جائے گی اور پوری دنیا پر سناٹا چھا جائے گا پھر دوسرا صور پھونکا جائے گا،  لوگ قبروں سے نکلیں گے اور ہر طرف زبردست شور برپا ہو جائے گا۔

    

وَ لَیَالٍ عَشۡرٍ ۙ﴿۲﴾

اور دس راتوں کی۔

۔۔۔۔۔

الله تعالی نے دوسری قسم  دس راتوں  کی کھائی ہے۔ 

دس راتوں سے کیا مراد ہے؟

اس میں مفسرین کے کئی قول ہیں۔

۱۔ اس سے محرم کے مہینے کی پہلی دس راتیں مراد ہیں کیونکہ وہ بڑی بابرکت ہیں ، خاص طور پر دس محرم یعنی عاشورا کی رات۔

۲۔ رمضان المبارک کی پہلی دس راتیں۔

۳۔ رمضان المبارک کی آخری دس راتیں ، کیونکہ ان میں لیلة القدر واقع ہے اور رسول الله صلی الله علیہ وآلہ وسلم خود بھی عبادت کے لیے جاگتے اور گھر والوں کو بھی بیداری کا حکم دیتے ۔

۴۔ سال کی متفرق راتیں مراد ہیں۔ پانچ وہ راتیں جن میں لیلة القدر کا امکان ہے چھٹی عید الفطر کی رات، ساتویں عرفہ کی رات، آٹھویں یوم النحر کی رات، نویں ستائیسویں رجب، دسویں پندرہویں شعبان کی رات۔

۵۔ اکثر مفسرین کی رائے ہے کہ اس سے مراد ذوالحجہ کی پہلی دس راتیں ہیں کیونکہ حدیث مبارکہ میں ان کی بڑی فضیلت بیان ہوئی ہے۔ 

حضرت ابو ہریرہ رضی الله عنہ نے آپ صلی الله علیہ وآلہ وسلم کا ارشاد نقل کیا ہے جس کا مفہوم ہے کہ عبادت کرنے کے لیے عشرہ ذوالحجہ تمام دنوں سے افضل ہے ۔ہر دن کا روزہ ایک سال کے برابر اور ہر رات کی عبادت لیلة القدر کی عبادت کے برابر ہے۔ 

(معارف)

      

وَّ الشَّفۡعِ وَ الۡوَتۡرِ ۙ﴿۳﴾

اور جفت اور طاق کی۔

۔۔۔

تیسری  قسم شفع کی اور چوتھی الوتر کی ہے۔ 

شفع اور وتر سے کیا مراد ہے؟

شفع کے لغوی معنے جوڑ کے ہیں جس کو اردو میں جفت کہتے ہیں اور وتر کے معنے طاق اور اکیلے کے ہیں۔ قرآن کریم کے الفاظ میں یہ تعین  نہیں کیا گیا کہ اس جفت اور طاق سے کیا مراد ہے۔ اس لیے ائمہ تفسیر کے اس میں   بے شمار اقوال  ہیں۔

البتہ ایک حدیث مرفوع جو ابوالزبیر نے حضرت جابر  رضی الله عنھم سے روایت کی ہے اس کا مفہوم  ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم  نے والفجر ولیال عشر کے متعلق فرمایا کہ فجر سے مراد صبح اور عشر سے مراد عشرہ نحر ہے (اور یہ عشرہ ذی الحجہ کا پہلا ہی عشرہ ہوسکتا ہے جس میں یوم نحر شامل ہے)اور فرمایا کہ وتر سے مراد  عرفہ کا دن اور شفع سے مراد یوم النحر (دسویں ذی الحجہ) ہے۔

 

وَ الَّیۡلِ اِذَا یَسۡرِ ۚ﴿۴﴾

اور رات کی جب وہ چل کھڑی ہو ۔ ( ٣ ) ( کہ آخرت میں جزا و سزا ضرور ہوگی )

۔۔۔۔۔

پانچویں قسم کا بیان ہے۔ الله تعالی نے ڈھلتی ہوئی رات کی عظمت ظاہر کرنے کے لیے اس کی قسم کھائی ہے کیونکہ جب رات ڈھلتی ہے تو الله تعالی کی رحمت اور تجلی کا نزول ہوتا ہے۔ احادیث میں اخیر شب کے  بہت برکات و فضائل  بیان ہوئے  ہیں۔ 

ایک حدیث مبارکہ کا مفہوم ہے۔ جب تہائی رات باقی ہوتی ہے تو الله تعالی آسمانِ دنیا پر تشریف لاتے ہیں، فرماتے ہیں کوئی ہے اپنے گناہوں کی معافی مانگنے والا کہ میں اس کے گناہ معاف کروں، کوئی ہے روزی کا طالب کہ میں اسے روزی دوں، کوئی ہے حاجت مانگنے والا کہ میں اس کی حاجت پوری کروں ۔ 


ہَلۡ فِیۡ ذٰلِکَ قَسَمٌ لِّذِیۡ حِجۡرٍ ؕ﴿۵﴾

ایک عقل والے ( کو یقین دلانے ) کے لیے یہ قسمیں کافی ہیں کہ نہیں؟

۔۔۔۔

حجر کے معنی ہیں روکنا اور منع کرنا ہے۔انسانی عقل بھی انسان کو غلط کاموں سے روکتی ہے اس لیے عقل کو بھی حجر کہا جاتا ہے۔ ان پانچ چیزوں کی قسمیں کھانے کے بعد الله تعالی نے ایک خاص انداز سے غافل انسانوں کو غور و فکر کی دعوت دی ہے۔ دنوں اور راتوں کا حوالہ  اس لئے دیا گیا  کہ عرب کے کافر لوگ بھی ان کو مقدس اور بابرکت سمجھتے تھے اور  یہ  برکت   بھی ﷲ تعالیٰ نے پیدا فرمائی۔ یہ تمام اشیاء  ﷲ تعالیٰ کی قدرت اور حکمت کی دلیل  ہیں، اسی قدرت اور حکمت کا تقاضا ہے کہ اعمال کی جزا کے لیے ایک مقرر دن ہو ، جس دن الله تعالی  نیک و فرمانبردار  لوگوں کو اِنعام دے اور   ظالموں، نافرمانوں کو سزا دے۔ چنانچہ اس سورۃ میں انہیں دونوں باتوں کو کھول کر  بیان کیا گیا۔ 

ربط آیات: 

پچھلی آیات میں چند چیزوں کی قسم کھا کر  عقل والوں کو قیامت کے قائم ہونے کا یقین دلایا گیا اب اگلی آیات میں تین قوموں پر الله کے عذاب کا بیان کرکے یہ ثابت کیا گیا کہ الله تعالی دنیا کی طرح  آخرت میں بھی کافروں کو  عذاب  دینے پر قادر ہے 

اَلَمۡ تَرَ کَیۡفَ فَعَلَ رَبُّکَ بِعَادٍ ۪ۙ﴿۶﴾

کیا تم نے دیکھا نہیں کہ تمہارے پروردگار نے عاد کے ساتھ کیا سلوک کیا ۔

اِرَمَ ذَاتِ الۡعِمَادِ ۪ۙ﴿۷﴾

اس اونچے ستونوں والی قوم ارم کے ساتھ

۔۔۔

سب سے پہلے قوم عاد پر عذاب کا ذکر ہے۔ ان آیات میں قوم عاد کو ارم بھی کہا گیا ہے۔ ارم ان  کے دادا  کا نام ہے، قوم عاد کے  دو طبقے تھے ایک عاد اولی اور دوسرا عاد اُخری۔ قوم عاد کی جس شاخ کا یہاں ذکر ہے، اُس کو عاد اِرم  یعنی عاد اولی کہا جاتا ہے۔   

بعض مفسرین کا کہنا ہے کہ ارم سے شہر ارم مراد ہے۔ جو عاد کے بیٹے شداد نے بنایا تھا۔ شداد اپنے زمانے کا ایک زورآور بادشاہ تھا جس نے اپنی طاقت سے بہت سے ممالک پر قبضہ کر لیا تھا۔ طاقت، دولت اور تکبر کے نشے میں اس نے خدائی کا دعوی کر دیا۔ الله تعالی نے ان سرکشوں  کی ہدایت کے انبیاء کو بھیجا ۔ شداد نے جب جنت کا ذکر سنا تو اس نے کہا یہ کونسی بڑی بات ہے ہم دنیا میں جنت تعمیر کر لیتے ہیں ۔ چنانچہ یمن کے جنگلوں میں شہرِ ارم کی بنیاد رکھی اور وہاں  تین سو سال تک جنت کی تعمیر ہوتی رہی۔ سونے چاندی کے محل بنائے گئے جنہیں  یاقوت و جواہرات سے سجایا گیا۔ ہر قسم کے پھل پھول اور باغات لگائے گئے ۔ خوبصورت  نہریں نکالی گئیں۔ جب یہ زبردست جنت تیار ہوگئی تو شداد اپنے وزیروں مشیروں کے ہمراہ اس کے معائنے کو نکلا ۔ ابھی اس میں داخل بھی نہیں ہوا تھا کہ عذاب الہی آسمانی بجلی کی کڑک کی صورت میں آ پڑا اور سب وہیں ہلاک ہو گئے، شہر بھی تباہ ہو گیا۔ شداد کی عمر نو سو سال تھی۔ 

ذات العماد سے کیا مراد ہے؟ اس میں کئی قول ہیں

۱۔وہ خود بہت لمبے،  بلند وبالا قد و قامت رکھتے تھے۔ 

۲- انہوں نے اونچی ستونوں والی بلند و بالا عمارتیں  بنانی  شروع کی تھیں۔

 ۳- جب وہ سفر کرتے تھے تو اپنے خیمے نصب کرنے کے لیے بہت اونچی اور مضبوط لکڑیاں استعمال کرتے تھے جیسے وہ ستون ہیں۔

 

الَّتِیۡ لَمۡ یُخۡلَقۡ مِثۡلُہَا فِی الۡبِلَادِ ۪ۙ﴿۸﴾

جس کے برابر دنیا کے ملکوں میں کوئی اور قوم پیدا نہیں کی گئی ؟

۔۔۔۔

قوم عاد کی دوسری صفت یہ تھی کہ وہ بہت طاقت اور قوت والے تھے۔ یعنی ایسی طویل القامت قومیں  دنیا میں اس سے پہلے پیدا نہیں کی گئیں اور نہ ان کے بعد اتنے لمبے ، مضبوط اور طاقتور لوگ  پیدا کیے گئے۔ الله تعالی  نے انکے لمبے  قد اور ڈیل ڈول ساری قوموں سے زیادہ ہونا تو واضح فرما دیا مگر ان کی  پیمائش  بتانا ضرورت سے زائد کام تھا اس کو چھوڑ دیا۔ 

           

وَ ثَمُوۡدَ الَّذِیۡنَ جَابُوا الصَّخۡرَ بِالۡوَادِ ۪ۙ﴿۹﴾

اور ثمود کی اس قوم کے ساتھ کیا کیا جس نے و ادی میں پتھر کی چٹانوں کو تراش رکھا تھا؟ ( ٥ )

۔۔۔۔۔

دوسری قوم ثمود تھی جسے عاد ثانی بھی کہا جاتا ہے۔یہ بھی بڑی زبردست قوم تھی۔  جن کی طرف  حضرت صالح علیہ السلام کو بھیجا گیا۔  اللہ نے انہیں  پتھر تراشنے کی طاقت دی تھی۔  یہ لوگ پہاڑوں کو تراش کر  نہایت خوبصورت مکان تیار کر لیتے تھے، پہاڑوں کے اندر  پتھر  تراش تراش کر  شہر بنا رکھے تھے۔ ان  کا ٹھکانہ وادی القریٰ تھا جو مدینہ اور تبوک کے راستے میں  ہے۔ یہ بھی آخرت کے منکر اور اللہ کے باغی تھے۔ بدکاری اور بت پرستی کی وجہ سے اللہ تعالی نے انہیں زلزلے اور چیخ کے عذاب سے تباہ کردیا۔ 


وَ فِرۡعَوۡنَ ذِی الۡاَوۡتَادِ ﴿۪ۙ۱۰﴾

اور میخوں والے فرعون کے ساتھ کیا کیا؟

۔۔۔

تیسری قوم جس پر عذاب کا ذکر کیا گیا وہ قوم فرعون ہے جسے الله نے سمندر میں غرق کر دیا تھا۔

ذی الاوتاد  سے کیا مراد ہے؟ 

فرعون کو ذی الوتاد کہنے  میں کئی قول ہیں۔ 

۱-اس سے فرعون کی مضبوط عمارتیں یعنی اہرام مصر  وغیرہ  مراد ہیں۔

۲- فرعون  کی فوجوں کو میخوں سے تشبیہ دی گئی ہے کیونکہ انہی کی وجہ سے  اس کی سلطنت مضبوطی سے  قائم تھی۔  

۳- اس سے مراد فوجوں کی کثرت بھی ہو سکتی ہے کیونکہ  لشکر جہاں بھی جا کر ٹھہرتے  تھے وہاں ہر طرف ان کے خیموں کی میخیں ہی لگی نظر آتی تھی۔

۴-فرعون کو میخوں والا اس لئے کہا گیا کہ وہ لوگوں کو سزا دینے کے لئے اُن کے ہاتھ پاوں میں میخیں گاڑ دیا کرتا تھا۔

 

الَّذِیۡنَ طَغَوۡا فِی الۡبِلَادِ ﴿۪ۙ۱۱﴾

یہ وہ لوگ تھے جنہوں نے دنیا کے ملکوں میں سرکشی اختیار کر لی تھی۔

۔۔۔

اس آیت میں ان قوموں کی سرکشی کا بیان ہے جو الله کی توحید و حاکمیت کے منکر تھے ۔ جن کا  تکبر ، سرکشی ، شہوت پرستی اور عیاشی آخری حدوں کو چھو رہی تھی اور جواسی دنیا کی زندگی کو سب کچھ سمجھتے تھے،  نہ  آخرت پر یقین رکھتے تھے نہ اعمال کی جزا و سزا پر۔ ان  کی ضد اور لاپروائی نے انہیں عدل و انصاف، صداقت و پارسائی سمیت ہر بھلائی سے دور کر دیا تھا۔ انہیں اپنی عقل ، نام نہاد ترقی  اور تدبیر  پر ناز تھا۔   الله کے احکام کی نافرمانی ، انبیاء کی توہین اور شریعت کا مذاق اڑانا ان کے نزدیک معمولی بات تھی۔ 

فَاَکۡثَرُوۡا فِیۡہَا الۡفَسَادَ ﴿۪ۙ۱۲﴾

اور ان میں بہت فساد مچایا تھا۔

۔۔۔۔۔۔۔

ان سب باتوں کو ایک ہی جملے میں بیان کر دیا کہ  ان کا فساد حد سے  بڑھ گیا، یعنی اللہ تعالیٰ کے ساتھ کفر و شرک اور اس کی مخلوق پر ظلم و ستم  میں انہوں نے   ساری حدیں توڑ دیں۔ 


فَصَبَّ عَلَیۡہِمۡ رَبُّکَ سَوۡطَ عَذَابٍ ﴿۱۳﴾ۚ ۙ

چنانچہ تمہارے پروردگار نے ان پر عذاب کا کوڑا برسا دیا

۔۔۔۔۔۔ 

الله تعالی نے ان قوموں کو سزا دینے کے لیے ان پر عذاب کا کوڑا برسا دیا۔جس طرح کوڑا جسم کے تمام اطراف پر پڑتا اور چاروں طرف لپٹ جاتا ہے اسی طرح ان پر ہر طرف سے عذاب آیا۔ اپنی سرکشی کی وجہ سے  یہ قومیں عذاب کا شکار ہوئیں اور دنیا سے ان کا نام و نشان مٹ گیا۔


اِنَّ رَبَّکَ لَبِالۡمِرۡصَادِ ﴿ؕ۱۴﴾

یقین رکھو تمہارا پروردگار سب کو نظر میں رکھے ہوئے ہے۔

۔۔۔

مرصاد ، مرصد  کا مطلب ہے انتظار کی جگہ یا گھات لگانے کی جگہ۔ یعنی ایسا بلند مقام جہاں سے چھپ کر کوئی دور دور تک دیکھ سکے اور نگرانی کر سکے۔ یہ تشبیہ کے طور پر ہے، مطلب یہ ہے کہ انسان کے تمام افعال و اعمال اور حرکات و سکنات ہر وقت الله تعالی کی نگاہ میں ہیں۔ وہی  سب کو جزا و سزا دینے والا ہے اور وہ خود انسان کی نگاہ سے اوجھل ہے۔

ربط آیات:

گذشتہ آیات میں مختلف نافرمان قوموں پر عذاب کا ذکر کیا گیا۔ کفار کو چاہیے تھا کہ یہ سن کر واقعات سے عبرت حاصل کرتے اور ایسے کام نہ کرتے جن کی وجہ سے الله کا عذاب نازل ہوتا ہے۔ لیکن وہ سبق  حاصل کرنے کی بجائے مال و دولت کی محبت میں گرفتار ہیں۔ اگلی آیات میں کافروں اور نافرمانوں کے اسی رویے کا بیان ہے۔           

فَاَمَّا الۡاِنۡسَانُ اِذَا مَا ابۡتَلٰىہُ رَبُّہٗ فَاَکۡرَمَہٗ وَ نَعَّمَہٗ ۬ ۙ فَیَقُوۡلُ رَبِّیۡۤ اَکۡرَمَنِ ﴿ؕ۱۵﴾

لیکن انسان کا حال یہ ہے کہ جب اس کا پروردگار اسے آزماتا ہے اور انعام و اکرام سے نوازتا ہے تو وہ کہتا ہے کہ : میرے پروردگار نے میری عزت کی ہے ۔

۔۔۔

کافر  دنیا  اور مال کی محبت میں اس طرح مبتلا ہیں کہ بس اسی کو اپنی زندگی کا حاصل سمجھتے ہیں، حالانکہ دنیا میں رزق کی کشادگی  اور تنگی اللہ کے نزدیک مقبول یا مردود ہونے کی علامت نہیں ہے۔ جب اللہ تعالیٰ کسی کو  خوب  مال و دولت اور صحت و تندرستی سے نواز دے  تو شیطان اس کو  خوش فہمی میں  مبتلا کر دیتا ہے۔  وہ سمجھنے لگتا ہے کہ یہ میری ذاتی صلاحیت ،  عقل وفہم، کوشش اور  محنت   کا لازمی نتیجہ ہے جو مجھے ملنا ہی چاہئے اور  میں اسی  کا مستحق ہوں۔

 دوسرے یہ کہ ان چیزوں کے حاصل ہونے سے وہ یہ سمجھنے لگتا ہے  کہ میں اللہ کے نزدیک بھی مقبول اور پسندیدہ  ہوں اگر مردود ہوتا تو وہ مجھے یہ نعمتیں کیوں دیتا۔

وَ اَمَّاۤ اِذَا مَا ابۡتَلٰىہُ فَقَدَرَ عَلَیۡہِ رِزۡقَہٗ ۬ ۙ فَیَقُوۡلُ رَبِّیۡۤ اَہَانَنِ ﴿ۚ۱۶﴾

اور دوسری طرف جب اسے آزماتا ہے اور اس کے رزق میں تنگی کردیتا ہے تو کہتا ہے کہ : میرے پروردگار نے میری توہین کی ہے ۔

۔۔۔

اسی طرح جب کسی انسان پر رزق میں تنگی اور فقر وفاقہ آ جائے  تو وہ الله سے جھگڑنے اور ناراض ہونے لگتا ہے کہ  مجھ پر یہ تنگی کیوں ؟ میں تو  انعام و اکرام کا مستحق تھا مجھے بےوجہ ذلیل و حقیر کردیا۔  حالانکہ دنیا میں مال ودولت اور رزق کی زیادتی بھی آزمائش ہے اور فقر و فاقہ اور رزق کی تنگی بھی آزمائش ہے۔ درحقیقت ہر حال میں یہی دیکھا جاتا ہے کہ انسان نعمتوں پر الله تعالی کا شکر اور مصائب پر صبر کیسے کرتا ہے۔  

   یہاں انسان سے مراد اصل میں تو کافر انسان ہے جو اللہ تعالیٰ کے متعلق جو چاہے خیال باندھ لے مگر  عام  معنی کے اعتبار سے ہر وہ مسلمان بھی اس میں شامل ہے جو  ایسا سوچتا اور سمجھتا ہے۔(المعارف)


کَلَّا بَلۡ لَّا تُکۡرِمُوۡنَ الۡیَتِیۡمَ ﴿ۙ۱۷﴾

ہرگز ایسا نہیں چاہیے ۔  صرف یہی نہیں بلکہ تم یتیم کی عزت نہیں کرتے ۔

۔۔۔

ان آیات میں  فرمایا! “کلا “ یعنی تمہارا یہ خیال بالکل غلط اور بےبنیاد ہے کہ مال و دولت اور دنیا کی آسائش عزت کی وجہ ہے اور مصیبت اور تنگ دستی ذلت کی وجہ ہے،  بلکہ انسان کے اعمال پر اس کی عزت اور ذلت کا دارومدار ہے۔ 

اب یہاں سے ان اعمال کا بیان ہے جو انسان کی ذلت ، مردودیت اور  ناپسندیدہ ہونے کی علامت ہیں اور الله کی ناراضگی اور عذاب کی وجہ ہیں۔

سب سے پہلا عمل جو عزت اور رزق میں کمی کی وجہ  ہے وہ یہ ہے کہ تم یتیم کا اکرام نہیں کرتے، اس کے سر پر شفقت کا ہاتھ نہیں رکھتے۔ چاہیے تھا کہ  ایسا  کمسن جو باپ کے بعد مصیبتوں کا شکار ہے تم  اس  کی  ضروریات کا خیال رکھتے اور اس کے حقوق ادا کرتے، اُلٹا  تم اس سے اس قدر بے نیاز ہو  کہ اسے قابل توجہ ہی نہیں سمجھتے۔     


وَ لَا تَحٰٓضُّوۡنَ عَلٰی طَعَامِ الۡمِسۡکِیۡنِ ﴿ۙ۱۸﴾

اور مسکینوں کو کھانا کھلانے کی ایک دوسرے کو ترغیب نہیں دیتے ۔

۔۔۔

تمہاری دوسری برائی یہ ہے کہ  تم خود بھی یتیموں، مسکینوں کا خیال نہیں رکھتے اور  دوسروں کو بھی اس طرف متوجہ نہیں  کرتے،  بل کہ الٹا یہ کہتے ہو کہ الله نے اسے یتیم کرتے وقت رحم نہیں کیا تو ہم کیوں اس پر شفقت کریں۔ اس آیت سے معلوم ہوا کہ جو لوگ یتیم اور مسکین کو دینے کی قدرت نہیں رکھتے انہیں چاہیے کہ وہ دوسروں کو ان کی مدد کرنے کی ترغیب دیں۔  

وَ تَاۡکُلُوۡنَ التُّرَاثَ اَکۡلًا لَّمًّا ﴿ۙ۱۹﴾

اور میراث کا مال سمیٹ سمیٹ کر کھا جاتے ہو ۔

۔۔۔

تیسری بری عادت یہ ہے کہ تم بجائے اس کے کہ یتیم اور فقیر کا حق ادا کرو اور مسکین کو کھانا کھلانے کی ترغیب دو، الٹا تم ان کا مال کھا جاتے ہو۔ جب تم میں سے کوئی مر جاتا ہے اور اس کے بچے چھوٹے ہوں تو تم ان کا مال ہڑپ لیتے ہو اور معصوم بچوں اور عورتیں کو  وراثت میں  ان کا حصہ نہیں دیتے بلکہ ان کا مال انہیں دینے  کی بجائے خود خوب دل کھول کر عیاشی اور فضول خرچی کرتے ہو۔    

وَّ تُحِبُّوۡنَ الۡمَالَ حُبًّا جَمًّا ﴿ؕ۲۰﴾

اور مال سے بے حد محبت کرتے ہو۔

۔۔۔

چوتھی بری خصلت یہ ہے کہ تم مال سے بہت زیادہ محبت کرتے ہو۔ لالچ میں مبتلا ہو اور  مال کی بہت زیادہ   حرص رکھتے ہو۔  یہی حرص حق تلفی، جھوٹ، چوری ، خیانت، رشوت ، مکرو فریب اور دھوکے کی وجہ ہے۔اسی مال کی محبت میں تم قتل وغارت  سے بھی گریز نہیں کرتے۔ 

مال کو محبوب بنانے کی بجائے اگر تم الله کی فرمانبرداری ، صداقت، امانت، پرہیزگاری ، خیرات اور صلہ رحمی اختیار کرو تو وہ دنیا اور آخرت میں تمہارے لیے عزت کا سبب ہے۔ اگر ایسا نہیں کرو گے تو سمجھ لو کہ عاد و ثمود اور فرعون پر جس عذاب کا کوڑا برسا تھا وہ تمہارے لیے بھی تیار ہے۔ 

  

کَلَّاۤ اِذَا دُکَّتِ الۡاَرۡضُ دَکًّا دَکًّا ﴿ۙ۲۱﴾

ہرگز ایسا نہیں چاہیے ۔ جب زمین کو کوٹ کوٹ کر ریزہ ریزہ کردیا جائے گا ۔

۔۔۔

ہرگز نہیں تم یہ نہ سمجھو کہ تمہیں تمہارے ان برے اعمال کی سزا نہیں دی جائے گی بلکہ ضرور دی جائے گی۔ الله تعالی اس بات پر بالکل قادر ہے۔ 

ان آیات میں عذاب و سزا اور اس کے وقت کا بیان ہے۔ جب زمین ٹکرے ٹکڑے کر کے ریزہ ریزہ کر دی جائے گی۔ یہ پہلے صور کے وقت ہوگا۔ زلزلہ قیامت کی وجہ سے زمین زیر و زبر ہو جائے گی، عمارتیں، پہاڑ اور درخت وغیرہ سب ٹوٹ پھوٹ جائیں گے اور زمین بالکل ہموار کر دی جائے گی۔ دکا دکا تاکید ہے یعنی زلزلہ ایک کے بعد ایک مسلسل آتا رہا گا۔


وَّ جَآءَ رَبُّکَ وَ الۡمَلَکُ صَفًّا صَفًّا ﴿ۚ۲۲﴾

اور تمہارا پروردگار اور قطاریں باندھے ہوئے فرشتے ( میدان حشر میں ) آئیں گے ۔

۔۔۔

یعنی آئے گا آپ کا رب اور فرشتے صف بصف مراد میدان حشر میں آنا ہے۔ اللہ تعالیٰ کے آنے کی کیا شان ہوگی اس کو اللہ کے سوا کوئی نہیں جانتا، یہ متشا بہات میں سے ہے اور فرشتوں کا صف بصف آنا بظاہر ہے۔


وَ جِایۡٓءَ یَوۡمَئِذٍۭ بِجَہَنَّمَ ۬ ۙ یَوۡمَئِذٍ یَّتَذَکَّرُ الۡاِنۡسَانُ وَ اَنّٰی لَہُ الذِّکۡرٰی ﴿ؕ۲۳﴾

اور اس دن جہنم کو سامنے لایا جائے گا ، تو اس دن انسان کو سمجھ آئے گی اور اس وقت سمجھ آنے کا موقع کہاں ہوگا؟ 

۔۔۔

 جہنم کو لائے جانے کا کیا مطلب ہے اور کس طرح میدان حشر میں لائی جائے گی اس کی حقیقت تو اللہ تعالیٰ ہی جانتا ہے ظاہر یہ ہے کہ جہنم جو اب ساتویں زمین کی تہ میں ہے اس وقت وہ بھڑک اٹھے گی اور سمندر سب آگ ہو کر اس میں شامل ہوجائیں گے اس طرح جہنم  محشر کے میدان  میں سب کے سامنے آجائے گی۔

اس جگہ تذکر سے  سمجھ میں آجانا یا نصیحت ہو جانا مراد ہے یعنی کافر کو اس روز سمجھ آئے گی کہ مجھے دنیا میں کیا کرنا چاہئے تھا اور میں نے کیا کیا۔ مگر اس وقت یہ سمجھ میں آنا بے کار ہوگا کیونکہ عمل اور اصلاح  کا زمانہ گزرچکاہوگا۔  آخرت دارالعمل نہیں بلکہ دارالجزا ہے۔


یَقُوۡلُ یٰلَیۡتَنِیۡ قَدَّمۡتُ لِحَیَاتِیۡ ﴿ۚ۲۴﴾

وہ کہے گا کاش میں نے اپنی زندگی کے لیے کچھ آگے بھیج دیا ہوتا۔

۔۔۔

یعنی اس وقت انسان کو معلوم ہوجائے گا کہ میری اصل زندگی تو یہ ہے جو  اَب شروع ہوئی ہے۔ میں خواہ مخواہ دنیا کی زندگی کو اصل زندگی سمجھتا رہا جو اس اصل زندگی کی تمہید تھی۔یہاں اسی نصیحت یا سمجھ میں آ جانے  کا بیان ہے۔  وہ تمنا کرے گا کہ کاش میں دنیا میں کچھ نیک عمل کرلیتا اور آخرت کی زندگی کے لیے اچھے اعمال کرکے ان کا اجر آگے بھیج دیتا جو اس ابدی زندگی میں میرے کام آ جاتے۔


فَیَوۡمَئِذٍ لَّا یُعَذِّبُ عَذَابَہٗۤ اَحَدٌ ﴿ۙ۲۵﴾

پھر اس دن الله کے برابر کوئی عذاب دینے والا نہیں ہوگا۔

۔۔۔

لیکن اب سب بے کار ہے۔ اب جبکہ کفر و شرک کی سزا سامنے آگئی اب اس تمنا سے کچھ فائدہ نہیں اب تو عذاب اور پکڑ کا وقت ہے اور اللہ تعالیٰ کی پکڑ کے  برابر کوئی پکڑ نہیں ہوسکتی۔


وَّ لَا یُوۡثِقُ وَ ثَاقَہٗۤ اَحَدٌ ﴿ؕ۲۶﴾

اور نہ اس کے جکڑنے کی طرح کوئی جکڑنے والا ہوگا۔

۔۔۔

اس لیے کہ اس روز تمام اختیارات صرف ایک اللہ کے پاس ہوں گے، دوسرے کسی کو اس کے سامنے رائے دینے یا آنکھ اٹھانے کی جرات  نہیں ہوگی۔ حتی کہ اس کی اجازت کے بغیر کوئی سفارش تک نہیں کرسکے گا۔ ایسے حالات میں کافروں کو جو عذاب ہوگا اور جس طرح وہ اللہ کی قید وبند میں جکڑے ہوں گے، اس کا یہاں تصور بھی نہیں کیا جاسکتا۔مطلب یہ ہے کہ جیسا اللہ تعالیٰ کے پاس  مخلوق کو عذاب دینے کا  غلبہ اور قدرت  ہے کسی اور  کو نہیں ہوسکتی۔


یٰۤاَیَّتُہَا النَّفۡسُ الۡمُطۡمَئِنَّۃُ ﴿٭ۖ۲۷﴾

( البتہ نیک لوگوں سے کہا جائے گا کہ ) اے وہ جان جو ( اللہ کی اطاعت میں ) چین پاچکی ہے ۔

۔۔۔۔

یہاں مومن کی روح کو نفس مطمئنہ کہہ کر  بلایا   گیا ہے۔ مطمئنہ کے لفظی معنے ساکنہ کے ہیں۔ مراد وہ نفس ہے جو اللہ تعالیٰ کے ذکر اور اس کی اطاعت سے سکون وقرار پاتا ہے اور  ذکر الله   چھوڑنے  سے بےچینی محسوس کرتا ہے اور یہ وہی نفس ہوسکتا ہے جو ریاضت ومجاہدہ  کرکے اپنی بری عادتیں  اور برے اخلاق   دور کرچکا ہو۔ اطاعت حق اور ذکر اللہ اس کا مزاج اور شریعت اس کی طبیعت بن جاتی ہے ۔


ارۡجِعِیۡۤ اِلٰی رَبِّکِ رَاضِیَۃً مَّرۡضِیَّۃً ﴿ۚ۲۸﴾

اپنے پروردگار کی طرف اس طرح لوٹ کر آجا کہ تو اس سے راضی ہو ، اور وہ تجھ سے راضی ۔

۔۔۔۔۔

یعنی لوٹ جاؤ اپنے رب کی طرف، لوٹنے کے لفظ سے معلوم ہوتا ہے کہ اس کا پہلا مقام بھی رب کے پاس تھا اب وہیں واپس جانیکا حکم ہورہا ہے، اس سے اس روایت کی تقویت ہوتی ہے جس میں یہ ہے کہ مومنین کی ارواح انکے اعمالناموں کے ساتھ علیین میں رہیں گی اور علیین ساتویں آسمان پر عرش رحمن کے سایہ میں کوئی مقام ہے۔ کل ارواح انسان کا اصلی ٹھکانہ و مستقر  وہی ہے وہیں سے روح لا کر انسان کے جسم میں ڈالی جاتی ہے اور پھر موت کے بعد وہیں واپس جاتی ہے۔)المعارف(

حضرت عبادہ ابن صامت کی حدیث میں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم  نے فرمایا ہے  جس کا مفہوم یہ ہے کہ جو شخص اللہ تعالیٰ سے ملنے کو پسند کرتا ہے اللہ تعالیٰ بھی اس سے ملنے کو پسند کرتا ہے اور جو اللہ تعالیٰ کی ملاقات کو ناپسند کرتا ہے اللہ بھی اس سے ملنے کو ناپسند کرتا ہے یہ حدیث سن کر حضرت صدیقہ عائشہ نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے سوال کیا کہ اللہ سے ملنا تو موت ہی کے ذریعہ ہوسکتا ہے لیکن موت تو ہمیں یا کسی کو بھی پسند نہیں، آپ نے فرمایا یہ بات نہیں، حقیقت یہ ہے کہ مومن کو موت کے وقت فرشتوں کے ذریعہ اللہ کی رضا اور جنت کی بشارت دیجاتی ہے جس کو سن کر اس کو موت زیادہ محبوب ہوجاتی ہے۔ اسی طرح کافر کو موت کے وقت عذاب اور سزا سامنے کردی جاتی ہے اسلئے اس کو اس وقت موت سے بڑھ کر کوئی چیز بری اور مکروہ معلوم نہیں ہوتی 

(رواہ البخاری ومسلم، مظہری) 

یہ بات اس سے موت کے وقت بھی کہی جائے گی ، قیامت کے روز جب وہ دوبارہ اٹھ کر میدان حشر کی طرف چلے گا اس وقت بھی کہی جائے گی ، اور جب اللہ کی عدالت میں پیشی کا موقع آئے گا اس وقت بھی کہی جائے گی ہر مرحلے پر اسے اطمینان دلایا جائے گا کہ وہ اللہ کی رحمت کی طرف جا رہا ہے ۔ یہی مفہوم ہے راضیة مرضیہ کا۔ 

فَادۡخُلِیۡ فِیۡ عِبٰدِیۡ ﴿ۙ۲۹﴾

اور شامل ہوجا میرے ( نیک ) بندوں میں ۔

۔۔۔۔۔

وَ ادۡخُلِیۡ جَنَّتِیۡ ﴿۳۰﴾

اور داخل ہوجا میری جنت میں ۔

۔۔۔۔

نفس مطمئنہ کو مخاطب کرکے یہ حکم ہوگا کہ میرے خاص بندوں میں شامل ہوجا اور میری جنت میں داخل ہوجا۔

 اس آیت میں پہلے اللہ کے صالح اور مخلص بندوں میں شامل ہونیکا حکم ہے پھر جنت میں داخل ہونیکا۔

 اس میں اشارہ یہ پایا جاتا ہے کہ جنت میں داخل ہونا اس پر موقوف ہے کہ پہلے اللہ کے صالح مخلص بندوں کے زمرہ میں شامل ہو، ان سب کے ساتھ ہی جنت میں داخل ہوگا۔ اس سے معلوم ہوا کہ جو دنیا میں صالحین کی صحبت ومعیت اختیار کرتا ہے یہ علامت اس کی ہے کہ یہ بھی انکے ساتھ جنت میں جائے گا۔

جنت کو اللہ تعالیٰ نے اپنی طرف منسوب کرکے میری جنت فرمایا جو بڑا اعزازو اکرام ہے اور اس میں اشارہ پایا جاتا ہے کہ جنت میں صرف یہی نہیں کہ ہر طرح  کی راحتیں جمع ہیں اور دائمی ہیں بلکہ سب سے بڑی بات یہ ہے کہ وہ اللہ تعالیٰ کی رضا کا مقام ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔


               مختصر تفسیر عتیق سورہ فجر

ابتداء میں پانچ قسمیں کھا کر اللہ  تعالی نے کافروں کی گرفت کرنے اور عذاب دینے کا اعلان کیا ہے پھر اس پر واقعاتی شواہد پیش کرتے ہوئے قوم عاد و ثمود و فرعون اور ان کی ہلاکت کا بیان ہے۔ 

پھر مشقت اور تنگی میں اور راحت و وسعت میں انسان کی فطرت کو بیان کرتے ہوئے بتایا ہے کہ آرام و راحت میں اترانے اور تکبر  میں مبتلا ہونے لگتا ہے اور کہتا ہے کہ میں اس لائق تھا تبھی تو مجھے یہ نعمتیں ملی ہیں اور تکلیف اور تنگی میں اللہ کی حکمت پر نظر کرنے کی بجائے اللہ پر اعتراضات شروع کر دیتا ہے۔ 

پھر یتیموں اور مسکینوں کی حق تلفی اور حب مال کی مذمت کی ہے۔ اس کے بعد قیام قیامت اور اس کی سختی و شدت بیان کرنے کے بعد بیان کیا کہ جب اللہ تعالیٰ فیصلہ کرنے لگیں گے، فرشتے صف بندی کر کے کھڑے ہو جائیں گے اور جہنم کو لا کر کھڑا کر دیا جائے گا اس وقت کافروں کو عقل آئے گی اور وہ نصیحت حاصل کرنے کی باتیں کریں گے جب وقت گزر چکا ہو گا اس وقت اللہ ایسا عذاب دیں گے کہ کوئی بھی ایسا عذاب نہیں دے سکتا اور مجرموں کو ایسے جکڑیں گے کہ کوئی بھی اس طرح نہیں جکڑ سکتا۔

 اللہ کے وعدوں پر اطمینان رکھنے والوں سے خطاب ہو گا اپنے رب کی طرف خوش و خرم ہو کر لوٹ جاؤ اور ہمارے بندوں میں شامل ہو کر ہماری جنت میں داخل ہو جاؤ۔

۔۔۔۔۔۔


کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

سورۃ البلد:13، عم پارہ

سورۃ البلد    اسماء سورة بلد کا معنی  شہر ہے۔ اس سورت کی پہلی آیت میں   اللّٰہ  تعالیٰ نے  شہر مکہ کی قسم کھائی  ہے اس مناسبت سے اسے ’’سورہ...